اسلام آباد (این این آئی) تھرکول سے بجلی پیدا کرنے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے جس کی سماعت چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کرے گا۔نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ تھر میں موجود کوئلہ کا معیار تیسرے درجے کا ہے اور اس کوئلے سے بجلی کی پیداوار خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ تھر کے کوئلے میں پانی کا تناسب زیادہ ہے جو ماحولیات پر اثرانداز ہو گا اور اس منصوبے سے ملک میں ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو گا۔ اگر اس منصوبے پر عمل کیا گیا تو مقامی آبادی کو بیدخل کرنا ہو گا۔درخواست میں کہا گیا کہ پاکستان میں ہوااور شمسی توانائی سے بھی بجلی پیدا کی جاسکتی ہے لہٰذا کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا رسک نہ لیا جائے۔