لیہ (این این آئی) لیہ سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے نے پولیس کے خلاف پریس کانفرنس کرنے کے بعد ہوائی فائرنگ کردی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔اطلاعا ت کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید نیاز نے اپنے ڈیر ے پر پولیس رویے کے خلاف پریس کانفرنس کی اور بعد میں شدید ہوائی فائرنگ بھی کی نجی ٹی وی کے مطابق فائرنگ کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد تھانہ کروڑ پولیس نے سب کچھ جانتے ہوئے بھی نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تاہم ڈی پی او لیہ کے مطابق نامعلوم افراد کے خلاف مقدمے کے اندراج کی خبریں بے بنیاد ہیں بلکہ فائرنگ کرنے والے ایم پی اے کے خلاف ہی مقدمہ درج ہے تاہم وہ فرار ہے اور گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ملزم جتنا بھی بااثر ہو وہ ملزم ہی ہوتا ہے اور قانون سے نہیں بچ سکتا۔