اسلام آباد (این این آئی)پاکستان اور جرمنی کے بینک کے ایف ڈبلیو کے درمیان گلیشیئر مانیٹرنگ برائے تحفظ بجلی و توانائی کیلئے 60 لاکھ یورو کی فنانسنگ کا معاہدہ طے پا گیا۔ وفاقی سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن طارق باجوہ اور کے ایف ڈبلیو کے کنٹری ڈائریکٹر وولف گینگ مولرز نے معاہدہ پر دستخط کئے۔ اس موقع پر کے ایف ڈبلیو کے کنٹری ڈائریکٹر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدہ سے حکومت پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے باعث درپیش چیلنجز پر قابو میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سب سے زیادہ گلیشیئرز کا حامل ملک ہونے کی حیثیت سے اس منصوبہ کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے اس پہلو پر قائدانہ کردار ادا کر سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے ایف ڈبلیو اس حوالہ سے حکومت پاکستان کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ سیکرٹری اقتصادی امور طارق باجوہ نے کہا کہ اس وقت دنیا کو درپیش چیلنجز میں موسمیاتی تبدیلی سرفہرست ہے اور اس کے بہتر اور فوری انتظام کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کے ایف ڈبلیو کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ دوطرفہ تعاون سے پاکستان میں گلیشیئرز اور آبی وسائل کے بہتر انتظام میں مدد ملے گی۔