کراچی (این این آئی) تحریک انصاف کراچی کے سابق جنرل سیکرٹری شیرین خان نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے ، نثار احمد کھوڑونے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے ۔اب وزیر اعظم کی کرسی پر بلاول بھٹو بیٹھے گا ۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو سنیئر صو بائی وزیر نثار احمد کھوڑو ،راشدربانی اور دیگر پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کی موجودگی میں پیپلزپارٹی میڈیا سیل کراچی پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کراچی کے سابق جنرل سیکریٹری شیرین خان سمیت 20پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں نے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہوکر پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ پی ٹی آئی کو چھوڑ کر واپس آنے والے جیالوں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ ملک میں جمہوری نظام کو کوئی خطرہ نہیں کیونکہ عوام جمہوریت کے حق میں ہیں۔ اب وزیراعظم کی کرسی پر بلاول بھٹو زرداری بیٹھے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں جمہوریت کا تسلسل اور صوبائی خود مختاری بھی پیپلزپارٹی کے رہنماؤں اور کارکنان کے قربانیوں کا نتیجہ ہے ،ہم نے پانچ سال حکومت کی اور جمہوری طریقے سے منتخب پارٹی کو حکومت سونپ دی ہے۔