کراچی(آئی این پی)ایف آئی اے کا چیکرز کے ہمراہ ہمدرد لیبارٹریز (وقف) پاکستان کا مشہورِ زمانہ مشروب ’’روح افزاء ‘‘جعلی بنا کر ہو بہ ہو پیکنگ کر کے ملک بھر میں سپلائی کرنے والی 2جعلساز فیکٹریوں پر چھاپہ، 2فیکٹری مالکان گرفتار ، بڑی مقدار میں مشروب و ساز و سامان برآمد ۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں واقع ہمدرد لیبارٹریز (وقف) پاکستان کے قانونی اٹارنی چیکرز (CHECKERS)نے ایف آئی اے (FIA)میں ایف آئی آر نمبر 83/2016جرم دفعہ 66.66A.67.CRO 1962درج کرائی کہ بین الاقوامی شہرت کی حامل ہمدرد لیبارٹریز (وقف) پاکستان کا مشہورِ زمانہ مشروب ’’روح افزاء ‘‘لاہور کے علاقے جی ٹی روڈ شاہدرہ پر واقع راجپوت پلاسٹک فیکٹری اور اسی علاقے میں دوسرے مقام پر واقع اے یو پٹ انڈسٹری (A.U. PET Industry)جعلسازی سے جعلی ’’روح افزاء‘‘ مشروب تیار کرنے کے ساتھ ساتھ ہو بہ ہو پیکنگ کے لیے جعلی و ناقص بوتلیں ، ڈھکن، لیبلز،جعلی ڈائی اور دیگر سامان غیر قانونی بنا کر ملک بھر میں سپلائی اور فروخت کر رہی ہیں۔ ایف اائی اے نے مقدمہ درج کر کے چیکرز کے ہمراہ مذکورہ علاقوں میں واقع دونوں جعلساز مینوفیکچرز و سلپائرز فیکٹریوں راجپوت پلاسٹک فیکٹری اور اے یو پٹ انڈسٹری پر کامیاب چھاپہ مار کر دونوں فیکٹریوں کے مالکان فضل احمد اور محمد احمد کو گرفتار کر کے فیکٹریوں سے بھاری تعداد میں ’’روح افزاء‘‘ کی جعلی مصنوعات بمعہ بوتلیں ، ڈھکن اور لیبلز بھی برآمد کر لیے۔ گرفتار جعلساز ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔