پشاور(این این آئی) صوبائی ترجمان مشتاق غنی نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت اب 30 لاکھ افغان مہاجرین کا بوجھ مزید برداشت نہیں کرسکتی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے وفاقی حکومت کو بتادیا ہے کہ ہم افغان مہاجرین کا بوجھ مزید برداشت نہیں کرسکتے، 30 لاکھ سے زائد افغان باشندے خیبر پختونخوا کی معیشت پر بوجھ ہیں۔مشتاق غنی نے بتایا کہ اگر وفاقی حکومت نے افغان مہاجرین کے قیام کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کیا تو ہم ان سے کہیں گے کہ پنجاب میں مہاجر کیمپس قائم کریں اور خیبر پختونخوا سے تمام مہاجرین کو وہاں منتقل کردیں۔انہوں نے کہا کہ 30 جون کے بعد صوبے میں موجود تمام مہاجرین اپنے کیمپوں تک محدود رہیں گے اور انہیں آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔