کراچی (این این آئی) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ڈائریکٹر جنرل پلک ریلیشن ثریا جمال نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے خلاف ریفرنس کی سماعت الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کے انتخاب کے بعد ہوگی ۔پاناما لیکس پر کمیشن بنانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری نہیں ہے ۔منگل کو کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثریا جمال نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کا انتخاب پارلیمانی کمیٹی کرے گی ۔ارکان کا انتخاب کرنا الیکشن کمیشن کا کام نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کے انتخاب کی مقررہ مدت 13جولائی کو پوری ہورہی ہے ۔وزیراعظم کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے دائر کیے گئے ریفرنس کی سمادعت الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کے انتخاب کے بعد ہوگی جبکہ میئر،ڈپٹی میئرز ،چیئرمین اوردیگر عہدوں کے انتخابات بھی الیکشن کمیشن کے ارکان کے انتخاب کے بعدہی ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں ووٹرز ٹرن آؤٹ مستقل کم ہورہا ہے ۔ووٹرز کو راغب کرنے کے لیے مہم چلانے کی ضرورت ہے ۔ووٹرز کو راغب کرنے کے لیے یونین کونسل کی سطح پر کمیٹیاں بنائی جارہی ہیں ۔