کراچی(این این آئی)کراچی کے علاقے گلشن اقبال سے متحدہ قو می موومنٹ کی رکن قومی اسمبلی کشور زہرا کی گاڑی گن پوائنٹ پر چھین لی گئی ہے ،مسلح افراد ایک گھنٹے تک ڈرائیور کو گھماتے رہے ، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی کشور زہرا کی گاڑی گلشن اقبال میں گن پوائنٹ پر چھینی گئی تاہم کشور زہرا اس وقت گاڑی میں موجود نہیں تھیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی ڈرائیور سے اسلحے کے زور پر چھینی گئی اور ملزم گاڑی چھیننے کے بعد فرار ہو گئے، واقعہ کا مقدمہ درج کر کے گاڑی اور ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ایم این اے نے گاڑی کے تخریب کاری میں استعمال ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا ۔کشورزہرہ نے کہا کہ چھینی گئی ٹیوٹا کرولا گاڑی کا نمبر بی سی پی 617 ہے،جس پر ایم این اے کی نمبر پلیٹ لگی ہوئی ہے ، گاڑی چھیننے والے مسلح افراد ایک گھنٹے تک ڈرائیور کو گھوماتے رہے۔رکن قومی اسمبلی کا مزید کہناتھاکہ مسلح افراد نے گاڑی سے ٹریکر بھی نکال دیا، خدشہ ہے گاڑی کسی تخریب کاری میں استعمال نہ ہوجائے۔ کشور زہرہ کے بیٹے ذیشان نے بتایا کہ ان کے ڈرائیور کے مطابق تین ملزمان دو موٹر سائیکلوں پر آئے اور اس سے گن پوئنٹ پر گاڑی چھین لی جبکہ گاڑی چھیننے کے بعد کچھ دیر تک ڈرائیور کو مختلف علاقوں میں گھماتے رہے اور اس دوران ٹریکر بھی ناکارہ بنا دیا ۔ ملزمان ڈرائیور کو ایک مقام پر اتار کر گاڑی لیکر فرار ہو گئے۔