لاہور( این این آئی) تحریک انصاف نے عید الفطر کے بعد پاناما لیکس کے معاملے پر برطانیہ میں بھی وزیر اعظم نواز شریف کیخلاف محاذ کو گرم کرنے کا فیصلہ کرلیا ،اس بارے برطانیہ میں لابنگ کی جائے گی،لیبر پارٹی فرینڈز آف پاکستان اور کنزرویٹو پارٹی فرینڈز آف پاکستان ارکان پارلیمنٹ سے رابطوں کی حکمت عملی سامنے آ گئی ۔نجی ٹی وی مطابق تحریک انصاف لندن کے صدر بیرسٹر وحید الرحمن میاں کا کہنا ہے کہ عید کے بعد برطانوی ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ تحریک انصاف کی قیادت ملاقاتیں کرے گی اور برطانوی ارکان پارلیمنٹ سے کرپشن کے پیسوں سے جائیدادیں خریدنے والوں کے خلاف برطانیہ میں قانون سازی کا مطالبہ کیا جائے گا جبکہ عید کے بعد لندن میں پاناما لیکس پر پولیس کو شکایت کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔لندن میں مقیم پی ٹی آئی رہنما پولیس اسٹیشنز میں کرپشن کے پیسے سے خریدی جائیدادوں پر شکایات درج کرائیں گے اور لندن میں پاناما لیکس کے معاملے پر آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔