لاہور( این این آئی) وزارت داخلہ کی ہدایت پر نادرا نے یکم جولائی 2016ء سے شروع ہونے والی شناختی کارڈ تصدیق کی قومی مہم کے سلسلہ میں نمبر جاری کر دیا ، عوام اپنے موبائل نمبر سے 8008پر ایس ایم ایس کے ذریعے تصدیق کر سکیں گے۔ یکم جولائی سے شروع ہونے والی قومی مہم کے دوران ہر گھرانے کے سربراہ کو 8008سے ایس ایم ایس موصول ہوگا جس میں افراد خانہ کی تفصیل ہو گی جبکہ خود بھی اپنے موبائل سے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8008ء پر بھیج کر گھرانے کی تفصیل کا ایس ایم ایس حاصل کیا جا سکے گا ۔ اگر موصول ہونے والی تفصیل درست نہیں ہو گی تو عوام 1لکھ کر جواب دیں گے جسکے بعد نادرا کا نمائندہ خود کال کر کے خاندان میں شامل ہونے والے اجنبی کی تفصیلات معلوم کر لے گا ۔ اگر موصول ہونے والی تفصیل درست ہو تو 2لکھ کر جواب دینا ہوگا۔ نادرا کے مطابق اس مہم کامقصد یہ دیکھنا ہے کہ کوئی غیر قانونی باشندہ کسی خاندان میں رجسٹرڈ تو نہیں ۔