اسلام آباد(این این آئی)افغانستان سمیت تمام سرحدی حدود کو محفوظ بنایا جارہا ہے اور سفری دستاویزات کے بغیر کسی کو بھی پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ ہمارے قائد وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف کہہ چکے ہیں کہ افغانستان کے دشمن ہمارے دوست نہیں ہوسکتے اور نہ ہی ہم اپنی سرزمین افغانستان کے خلاف استعمال کرنے دیں گے۔ افغانستان کا امن پورے خطے کیلئے ناگزیر ہے اور ہم افغانستان کے امن کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ ہم تو اعتماد کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں لیکن افغانستان کو بھی تو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ ہم طور خم سمیت بارڈر کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں امور بارڈر مینجمنٹ کو بہتر بنانا بہت ہی ضروری ہوگیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم کسی کی جنگ کا ہر گز حصہ نہیں بنیں گے لیکن اپنے دفاع کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ ہم آج بھی افغان مہاجرین کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور 35، 40 سال سے ان کی بہترین میزبانی کر رہے ہیں جس کی پوری دنیا میں کہیں بھی مثال نہیں ملتی۔ ہم افغان مہاجرین کی پرامن واپسی کے خواہاں ہیں اور اس معاملے پر افغان حکام سے مل بیٹھ کر معاملات طے کرنا چاہتے ہیں۔ افغانستان سمیت تمام سرحدی حدود کو محفوظ بنایا جارہا ہے اور سفری دستاویزات کے بغیر کسی کو بھی پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم برطانوی عوام کے یورپی یونین سے الگ ہونے کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔