کراچی(این این آئی)پاک سرزمین پارٹی کے سیکرٹری جنرل رضا ہارون نے امجد صابری کی سیکورٹی کے حوالے سے ایم کیو ایم کے رہنماؤں ندیم نصرت،فاروق ستار اور مصطفے عزیز آبادی کو شامل تفتیش کرنے کا مطالبہ کیاہے۔تفصیلات کے مطابق لندن میں امجد صابری کے ایصال ثواب کی تقریب کے اختتام پر پاک سرزمین پارٹی کے سیکرٹری جنرل رضا ہارون نے کہا کہ فاروق ستار نے امجد صابری کی شہادت کے بعد فورا الزام کا سلسلہ شروع کر دیا۔انہوں نے کہا کہ امجد صابری نے ایم کیو ایم کو ایک ہفتہ قبل دھمکی سے آگاہ کیا تھا لیکن غفلت برتی گئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ امجد صابری کی سکیورٹی پر غفلت برتنے پر ایم کیوایم کے رہنماؤں ندیم نصرت فاروق ستار اور مصطفے عزیز آبادی کوبھی شامل تفتیش کیا جائے۔حکیم سعید کے قتل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رضاہارون نے کہا کہ تحقیقات ہونی چاہئیں۔ پی ایس پی کے لندن میں آرگنائزر غلام نبی عامر نے کہا عظیم فنکار کے قاتلوں کو ہر صورت سزا ملنی چاہیے۔