لاہور(نیوزڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی کے رہنما عبدالعلیم خان کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر کارروائی سے روک دیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے عبدالعلیم خان کی درخواست پر سماعت کی۔جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ ا سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے درخواست گزار کے کیخلاف الیکشن کمیشن میں توہین عدالت کی درخواست دائر کررکھی ہے جس پر الیکشن کمیشن نے نوٹس بھی جاری کردئیے ہیں۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کے نوٹسز کو معطل قرار دیکر کارروائی سے روکا جائے۔ سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے وکیل نے نوٹسز پر الیکشن کمیشن کی کارروائی سے متعلق تفصیلی جواب کیلئے مہلت طلب کرلی جس پر عدالت نے الیکشن کمیشن کو اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے عبدالعلیم خان کے خلاف دائر توہین عدالت کی کارروائی سے روکتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 17 مئی تک ملتوی کردی۔