لاہور( این این آئی)قومی احتساب بیورو نے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کی سابق سربراہ فرزانہ راجہ کے گرد بھی گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا،امریکہ میں موجود فرزانہ راجہ کی وطن واپسی کےلئے ریڈ وارنٹ جاری کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق نیب نے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام میں اربوں روپے کی بدعنوانی کے شواہد جمع کر لئے ہیں اور اس سلسلہ میں سابق سربراہ فرزانہ راجہ سے تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان سے اشتہارات میں غبن اور غیرقانونی بھرتیوں کی بھی تفتیش کی جائے گی ۔ فرزانہ راجہ کو امریکہ سے وطن واپس لانے کے لئے مختلف آپشنز پر غوربھی ہورہا ہے اوراس سلسلے میں ان کی وطن واپسی کے لئے ریڈ وارنٹ جاری کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔