اسلام آباد (نیوزڈیسک) اسلام آباد کے پہلے میئر شیخ انصر عزیز نے اپنی الیکشن مہم میں 5 ہزار بینرز وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) کی بغیر اجازت لگا دیئے ، 5ہفتوں کیلئے لگنے والے ان 5ہزار بینرز کی1 کروڑ 50 لاکھ فیس بھی ادا نہیں کی گئی ہے۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ میئر شیخ انصر کی جانب سے کی جانے والی الیکشن کمپین کیلئے چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے زبانی طور پر اجازت دی تاہم سی ڈی اے کے شعبہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ایم اے)کی جانب سے کوئی این او سی جاری نہیں کیا گیا۔کورال چوک سے زیرو پوائنٹ اور اسلام آباد کے پوش سیکٹروں میں لگنے والے فی سٹریمر کی ایک ہفتہ کیلئے 6سو روپے فیس ہے جو کہ5 ہزار بینرز کی مجموعی طور پر 1 کروڈ 50 لاکھ فیس ہے جو کہ تاحال ادا نہیں کی گئی ہے۔شعبہ ڈی ایم اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریاض سے رابطہ کرنے پر انہوں نے بتایا کہ میئر شیخ انصر کی الیکشن کمپین کیلئے پہلے کوئی درخواست نہیں دی گئی تھی جس پر قانونی کارروائی کرتے تاہم سٹریمرز لگانے کے 4 دن بعد اس حوالے سے درخواست موصول ہوئی جبکہ ڈی ایم اے کی جانب سے کئی سو سٹریمرز اتارے بھی گئے جس کے بعد درخواست موصول ہوئی تھی۔