لاہور (نیوز ڈیسک) ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی ( ٹیوٹا ) سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت کھولے گئے نئے ٹیوٹا اداروں میں1000ہزار اساتذہ ودیگر عملہ بھرتی کرے گی۔ یہ فیصلہ گزشتہ روزچیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ کی زیر صدارت ٹیوٹا بورڈکے اجلاس میں ہوا جس میں چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی ، بورڈ ممبران سید یاور علی،حامد ملہی،عبدالباسط ،اسماعیل خرم ،رحمت اللہ جاوید ،نیلو فر سکندر،ساجدہ حیدرونڈل ،نیلو فر مہدی کے علاوہ ٹیوٹا افسران بھی موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ٹیوٹا بورڈ نے رواں سال کے دوران نئی بھرتی کرنے کیلئے بورڈ ممبران کی ایک سب کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو صوبہ بھر میں ہونے والے بھرتی کے عمل کو شفاف بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔اس سب کمیٹی میں نیلو فر مہدی، نیلو فر سکندر، حامد ملہی کے علاوہ محکمہ انڈسٹری اور ایجوکیشن کے نمائندگان شامل ہونگے ۔چیئر پرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ٹیوٹا انسٹی ٹیوٹس میں تدریسی و دیگر عملے کی کمی کو پورا کرنے کے لیے نئی بھرتی کی اجازت دی ہے ۔بھرتی کے صاف اور شفاف طریقہ کار عمل سے مستحق ،متحرک اور ذہین زنانہ و مردانہ افراد بھرتی ہونگے اور اس اقدام سے صوبہ بھر میںبے روزگاری کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔