کراچی (نیوز ڈیسک) کراچی میں اے ایس پی جرائم پیشہ اور منشیات فروشوں کا سرغنہ نکلا۔ اسپیشل برانچ پولیس کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اے ایس پی بلال قیوم ایرانی ڈیزل اور پیٹرول کی اسمگلنگ میں ملوث ہے۔ ڈی ا?ئی جی ساوتھ نے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔سندھ پولیس کے کرپٹ اور جرائم میں ملوث افسران و اہلکاروں کی نشاندہی کا سلسلہ جاری ہے۔ اسپیشل برانچ پولیس کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ اے ایس پی بلال قیوم بھی جرائم پیشہ افراد اور منشیات فروشوں سرپرستی کر رہے ہیں۔ اے ایس پی بلال قیوم کے خلاف اسپیشل برانچ نے انکوائری رپورٹ کراچی پولیس چیف کو پیش کر دی ہے جس میں انکشاف ہو ا ہے کہ بلال قیوم ایرانی پیٹرول اور ڈیزل کی اسمگلنگ کرنے والوں سے بھی مال بٹورتا ہے۔ اے ایس پی بلال قیوم کیماڑی میں تعینات ہے اور بااثر بیورو کریٹ کا قریبی رشتہ دار ہے۔ دوسری جانب اے ایس پی بلال قیوم پر لگنے والے الزامات کو ڈی آئی جی ساؤتھ ڈاکٹر جمیل نے مسترد کر دیا ہے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ ڈاکٹر جمیل کے مطابق ڈی آئی جی علیم جعفری کو اے ایس پی بلال قیوم کے خلاف رپورٹ کی تحقیقات سونپ دی گئی ہیں۔ ڈی آئی جی علیم جعفری رپورٹ مرتب کر کے آئی جی سندھ کو دیں گے۔ ڈاکٹر جمیل احمد کا کہنا ہے کہ اسپیشل برانچ کے سب انسپکٹر نے یہ رپورٹ بنائی ہے جس کے حوالے سے مجھے آگاہ نہیں کیا گیا اگر سب انسپکٹر کی رپورٹ غلط ہوئی تو اسکے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔