چمن(نیوز ڈیسک) افغانستان کی سرحد سے منسلک صوبہ بلوچستان کے علاقے چمن سے 6 افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں۔پولیس کے مطابق 3 افراد کی لاشیں چمن کے علاقے شکھا درا سے برآمد کی گئیں جبکہ ایک لاش توبہ اچکزئی سے برآمد ہوئی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چاروں افراد کو گولیوں کا نشانہ بنا کر ہلاک کیا گیا، جن کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال چمن منتقل کیا گیا۔ابتدائی طور پر لاشوں کی شناخت اور انہیں ہلاک کیے جانے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں۔لاشیں برآمد ہونے کے بعد پولیس کے سینئر حکام شکھا درا پہنچے اور جائزہ لینے کے بعد واقعے کی تحقیقات کی ہدایت کی۔چمن کے علاقے دلسورا کاریز میں بھی دو افراد کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان گاڑی پر فائرنگ کرکے موقع سے فرار ہوگئے۔پولیس اور لیویز اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر لاشوں کو سول ہسپتال منتقل کیا، جبکہ حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی۔واضح رہے کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران چمن میں کم شدت کے بم دھماکوں اور تشدد زدہ لاشیں ملنے کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں۔