لاہور(نیوز ڈیسک)قومی احتساب بیورو ( نیب )کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے اور اس سے ترقی اور خوشحالی کا عمل متاثر ہوتا ہے، قومی احتساب بیورو زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کرتے ہوئے بدعنوان عناصر کےخلاف امسال بھی بلاتفریق کارروائی جاری رکھے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے نیب کے علاقائی بیورو لاہورکی سالانہ کارکردگی کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ نیب لاہور کو 2015ءمیں 4874 شکایات موصول ہوئیں جن پر قانون کے مطابق عمل کیا گیا،نیب لاہور نے 312 میں سے 270 شکایات کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل کیا ، 341 انکوائریوں میں سے 212 کو مکمل کیا گیا ہے جبکہ211 انوسٹی گیشن میں سے 119انوسٹی گیشن مکمل کی گئیں۔انہوںنے کہاکہ نیب لاہور نے 156بدعنوان افراد کو گرفتار کیا اور بدعنوانی کے 111 ریفرنس عدالتوں میں دائر کئے جبکہ بدعنوان عناصر سے ملک و قوم کے لوٹے گئے1056.653 ملین روپے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ ٹیم نے معیاری گریڈنگ سسٹم کے تحت آپریشنل کارکردگی انڈیکس 89.24 فیصدکی بنیاد پر نیب لاہور بیورو کی کارکردگی کوexcellent/outstanding قرار دیا ہے۔نیب کی چیئرمین انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ ٹیم کو نیب لاہور علاقائی بیورو کی 2015ءکی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کےلئے ذمہ داری سونپی کی گئی تھی جس کے بعد نیب کی چیئرمین انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ ٹیم نے 2 1فروری سے 14فروری 2016 کے دوران سالانہ کارکردگی کا جائزہ لیا تاکہ قومی احتساب بیورو کے چیئرمین قمر زمان چوہدری کی طرف سے نئے شروع کئے گئے مقداری گریڈنگ سسٹم کی بنیاد پر نیب لاہور بیورو کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاسکے۔ قبل ازیںچیئرمین مانیٹرنگ اینڈ انسپکشن ٹیم نے نیب لاہور بیورو کی سال 2015کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔انہوں نے انسپکشن سے متعلق چیئرمین نیب کو بریفنگ دی اور نیب لاہور بیورو کی خوبیوں اور خامیوں سے آگاہ کیا تاکہ مستقبل میں ان خامیوں پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ چیئرمین نیب کی ہدایت پر معیاری گریڈنگ کا نظام وضع کیا گیا ہے۔ اس نظام کے تحت یکساں معیار پر نیب لاہور بیورو کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اس نظام کے تحت 80 فیصدنمبر حاصل کرنے پر کارکردگی شاندار،60 سے 79 فیصد نمبر حاصل کرنے پر بہت اچھی، 40 سے 49 فیصد نمبر حاصل کرنے پر اچھی اور 40 فیصد سے کم نمبر حاصل کرنے پر کارکردگی اوسط سے کم قرار دی جاتی ہے۔چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ نیب زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملک بھر سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے، بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے،بدعنوانی سے ترقی کا عمل رک جاتا ہے بلکہ اس سے نہ صرف ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں رکاوٹیں پیدا ہوتی ہیں بلکہ قومی خزانے کو بھاری نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔