اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان افغان امن عمل کی بھرپور حمایت کرتا ہے ، ہمیں پہلے مذاکرات میں رکاوٹ کا سبب بننے والی وجوہات دور کرنا ہوگا، امید ہے چار فریقی گروپ حکومت افغانستان اور طالبان سے جلد مذاکرات کرے گا ۔افغانستان میں قیام امن کیلئے قائم چارفریقی گروپ کے تیسرے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان افغان قومی حکومت کی امن کیلیے مفاہمتی کوششوں کو سراہتا ہے،افغانستان کے عوام نے افغان جنگ میں بڑی مشکلات اٹھائی ہیں،امید ہے گروپ مفاہمت کیلیے حکومت افغانستان اور طالبان سے جلد مذاکرات کرے گا، کابل میٹنگ میں افغان طالبان کو غیر مشروط مذاکرات میں شرکت کا کہا گیا ،امید ہے4 فریقی گروپ حکومت افغانستان اورطالبان سے مذاکرات کے روڈ میپ پرتوجہ دے گا۔انہوں نے کہاکہ سیاسی مفاہمتی عمل کےذریعے افغانستان میں تشدد کےواقعات کا خاتمہ ہوگا ،مذاکرات کی کامیابی کےلیے تمام فریقین کا پرعزم ہونا ضروری ہے ،انہوں نے کہاکہ مذاکرات میں رکاوٹ کاسبب بننےوالی وجوہات دوررکھنے پر کوشش کرناہوگی،مذاکرات کی کامیابی کےلیے پرتشدد کارروائیوں کو روکنا ہوگا ،پاکستان افغان امن عمل کی بھرپور حمایت کرتا ہے ۔