اسلام آباد (نیوز ڈیسک)آئندہ ہفتے پورے ملک میں آپریشن کلین اپ شروع کردیا جائے گا جس کے دوران غیر ملکی خفیہ انٹیلی جنس اداروں کے آلہ کار بنے ہوئے پاکستانیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی،حنیف خالد کے مطابق پاکستان کی خفیہ سول وعسکری اداروں کے پاس غیر ملکی خفیہ اداروں سے ملک کے اندر یا ملک سے باہر نقد یا جنس کی شکل میں مفادات حاصل کرنے والوں کی فہرستیں تیار کر لی ہیں اس میں زندگی کے کم وبیش تمام شعبوں کے افراد شامل ہیں۔ غیر ملکی خفیہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کی کسی بھی طریقے سے معاونت کرنے والے پاکستانی شہریوں کے خلاف آپریشن کئی ہفتے تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے غیر ملکی ایجنٹوں کے خلاف آپریشن کی اصولی منظوری دے دی ہے جس کے بعد قومی انٹیلی جنس اداروں نے پہلے دہشت گردی کے واقعات میں غیر ملکی ایجنسیوں کی معاونت کرنے والوں کے خلاف ایکشن شروع کریں گی اس کے ساتھ ساتھ بیرونی انٹیلی جنس ایجنسیوں سے ملک کے اندر اور باہر کے بینک اکائونٹس میں رقوم وصول کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز ایکشن ہوگا۔