کراچی (نیوزڈیسک)پڑھنا ہی نہیں، جہالت اور ہلاکت خیز دہشت گردی سے لڑنا بھی سیکھو،جامعہ کراچی میں پولیس کے اسپیشل سیکورٹی یونٹ نے طلبا کو دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے خصوصی تربیت دینا شروع کردی۔ دہشت گردوں کا حملہ ہو تو فوراً کیا کرنا چاہیے؟ زخمیوں کو فوری طبی امداد کیسے دی جائے اور ہنگامی حملوں سے کیسے بچا جائے،یہ سب بتایا جامعہ کراچی کے طلبا و طالبات کو اسپیشل سیکورٹی یونٹ کے جوانوں نے ،حفاظتی تدابیر کی آگاہی کے لیے باقاعدہ تربیتی مشق کا انعقاد بھی کیا گیا۔ طلبا و طالبات کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں اس قسم کی تربیتی مشقوں کو لازمی قرار دیا جائے تاکہ اچانک ہونے والے حملوں سے نمٹ سکیں۔ جامعہ کراچی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں پر دہشت گردوں کے حملوں کے پیش نظر طلبہ کو تربیت فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔طلبا کا کہنا ہے کہ دفاع اور بچائو کی تربیت زندگی کے دیگر مراحل میں بھی فائدہ مند ثابت ہوگی