اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ڈی ایچ اے سٹی پراجیکٹ میں 17ارب روپے اور26 ہزارافراد سے فراڈکے مرتکب حمادارشد اور سابق آرمی چیف اشفاق پرویز کیانی کے بھائی کامران کیانی کیخلاف کارروائی شروع کر دی گئی۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق اس سلسلے میں مرکزی ملزم حماد ارشد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ کامران کیانی کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔نیب ذرائع کے مطابق ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈال دیے گئے ہیں اور ان کے بینک اکاونٹ اورجائیدادیں منجمدکر دئیے گئے ہیں۔اس سلسلے میں ڈی ایچ اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کیس نیب کو بھیج دیا گیا ہے۔ان لوگوں نے فوجیوں اور شہدا کےساتھ دھوکا کیا جو شرمناک فعل ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ حماد ارشد،کامران کیانی کی کمپنیوں گلوبیکواورایلیسئم کے بارے میں نیب کو آگاہ کردیاہے۔ان کمپنیوں نے عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی۔فوجی جوان ملک میں دہشتگردی کیخلاف جاری آپریشن میں بھی جان دے رہے ہیںاور یہ لوگ ان کے ورثا سے فراڈ کر رہے ہیں اس کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ کامران کیانی مرکزی ملزم حمادارشد کا کاروباری پارٹنر ہے۔اس بارے میں نیب ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ کوئی بھی ہو تمام تحقیقات شفاف اور کسی دباو کے بغیر ہوں گی۔واضح رہے کہ جب نیب حکام نے کچھ عرصہ پہلے اس کیس کے سلسلے میں رابطہ کیا تھا تو انہوں نے بلا تفریق کوئی بھی کارروائی کرنے کا حکم دیا تھا۔