لاہور(نیوزڈیسک) صوبائی وزیر خوراک بلا ل یاسین نے کہا ہے کہ بیگ مین ریسٹورنٹ شادمان کو ناقص صفائی ستھرائی اور ملازمین کے سرٹیفکیٹس کی عدم موجودگی و اشیائے خوردونوش کے شیلف لائف نہ لکھی ہونے پر ریسٹورنٹ کو سیل کر دیا گیا جبکہ تین ریسٹورنٹوں کوجرمانے کئے گئے ہیں ۔بلال یاسین نے کہاکہ حفظان صحت اور معیاری کھانوں کے لئے ریسٹورنٹس میں استعمال ہونے والی اشیائے خوردونوش ،سٹاف اور صفائی ستھرائی کے ضمن میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اورفوڈ اتھارٹی کی جانب سے طے کردہ میکنزم پر عملد ر آمد کو یقینی بنایا جائے گا -یہ بات انہوں نے شاد مان مارکیٹ کے ریسٹورنٹس کے اچانک دورہ کے دوران کہی-ان کے ہمراہ فوڈ سیفٹی آفیسر ثمر حیات گوندل کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے-صوبائی وزیر نے بگ ایم ریسٹورنٹ کو چیک کیا جہاں ناقص صفائی ستھرائی کے انتظام پائے گے اور ملازمین کے سرٹیفکیٹس کے عدم موجودگی کے علاوہ ان کے گندے ہاتھ اور ناخن بڑھے ہوئے پائے گئے جس پر فوڈ سیفٹی آفیسر نے 10ہزار روپے جرمانہ کیا جبکہ بغدادی ریسٹورنٹ میں ناقص صفائی کے انتظامات پر 15ہزار روپے جرمانہ اور فریٹو ریسٹورنٹ کو بھی ناقص صفائی کے بنا ءپر 25ہزار روپے جرمانہ کیا جبکہ بیگ مین ریسٹورنٹ شادمان کو ناقص صفائی ستھرائی اور ملازمین کے سرٹیفکیٹس کی عدم موجودگی و اشیائے خوردونوش کے شیلف لائف نہ لکھی ہونے پر ریسٹورنٹ کو سیل کر دیا گیا -اس موقع پر صوبائی وزیر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی کے ویڑن کے مطابق عوام کو بہتر کھانے کی اشیاء فراہم کرنے کے لئے فوڈ اتھارٹی کی جانب سے جو میکنزم بنایا گیا ہے اس پر بھر پور طریقے سے عملدر آمد کرایا جائے اور اس ضمن میں کوئی اثر و رسوخ برداشت نہیں کیا جائے گا -انہو ں نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی میکنز م تیار کرنے اور اس پر عملدر آمد کرانے کا مقصد عوام کو معیاری کھانے فراہم کرنا ہے جس سے نہ صرف ریسٹورنٹس کی صنعت کا معیار بلند ہو گا بلکہ عوام کو ذہنی آسودگی حاصل ہو گی -انہو ں نے کہا کہ عوام کو معیاری اور حفظان صحت کے مطابق کھانوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ بہتر ماحول بھی دستیاب کرنا ہے ۔