کراچی (نیوز ڈیسک)کراچی میں سال دو ہزار سولہ کی پہلی بینک ڈکیتی ہوگئی ، کورنگی میں آٹھ ڈاکو بینک سے تیرہ لاکھ روپے لے اْڑے۔کراچی میں جمعے کا دن پولیس پر بھاری گزرتا ہے۔ گیارہ بجکر تیس منٹ پر آٹھ ڈاکو بینک میں داخل ہوئے۔ عملے کو یرغمال بنایا اور آناً فاناً بینک کو تیرہ لاکھ روپے سے محروم کردیا۔ رواں سال کی پہلی بینک ڈکیتی میں آٹھ ڈاکوؤں کا گروپ موٹر سائیکلوں پر پہنچا۔ بینک کے باہر ٹریفک بھی خود سنبھالا ، کامیاب بینک ڈکیتی کے بعد ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوئے۔ سانپ تو گزر گیا لیکن پولیس لکیر پیٹنے بینک پہنچی اور تحقیقات شروع کردیں۔ تحقیقات سے معلوم ہوا ڈاکو تو تربیت یافتہ ہیں جو بینک کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی ساتھ لے گئے تاکہ شناخت سے بچا جاسکے۔پولیس نے ڈکیتی کے بعد بینک کے تین ملازمین کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔