کراچی(نیوز ڈیسک) عدالت نے ڈاکٹر عاصم کیس میں ایم کیو ایم کے نامزد میئر وسیم اختر سمیت 4 مفرور ملزمان کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔ڈاکٹر عاصم کیس کی سماعت انسدادہ دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ہوئی جس میں پولیس کی جانب سے ڈاکٹر عاصم کو عدالت میں پیش کیا گیا، سماعت کے موقع پر ڈاکٹر عاصم کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ان کے موکل کے دانت میں درد ہے اس لئے سماعت ملتوی کی جائے جب کہ پراسیکیوٹر کی جانب سے اعتراض اٹھایا گیا کہ ڈاکٹر عاصم کے وکیل ہر سماعت کے موقع پر بیماری کی درخواست جمع کرا دیتے ہیں۔عدالت میں پولیس کے تفتیشی افسر نے بھی اپنی رپورٹ پیش کی جس میں کہا گیا کہ مقدمے میں مفرور ایک ملزم عثمان معظم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جب کہ 4 تاحال مفرور ہیں جنھیں گرفتار نہیں کیا جا سکا جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ وسیم اختر روز ٹی وی پر نظر آتے ہیں انھیں گرفتار کیوں نہیں کیا گیا جب کہ دیگر ملزمان کو ملک سے باہر کیوں فرار ہونے دیا گیا؟ عدالت نے ایم کیو ایم کے نامزد میئر وسیم اختر، سلیم شہزاد، انیس قائمخابی اور قادر پٹیل کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 19 جنوری تک ملتوی کردی۔