اسلام آباد(نیوزڈیسک)عمران فاروق قتل کیس کے اہم ملزم خالد شمیم نے اعتراف جرم کر لیا۔ذرائع کے مطابق خالد شمیم نے مجسٹریٹ کیپٹن ریٹائرڈ شعیب کے سامنے اعترافی بیان دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق خالد شمیم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میرا ایم کیو ایم سے تعلق ہے، مجھے عمران فاروق کے قتل کی ہدایات لندن سے ایم کیو ایم راہنما محمد انور نے دیں،میں نے محمد انور کے کہنے پرعمران فاروق کے قتل کی ہدایات آگے دی تھیں۔مجسٹریٹ نے ملزم خالد شمیم سے سوال کیا کہ آپ پر کوئی دباو تو نہیں؟جس پر ملزم خالد شمیم نے جواب دیا کہ نہیں کوئی دباو نہیں ہے۔بیان کمپیوٹر پر ٹائپ کرنے کے بجائے ہاتھ سے تحریر کیا گیا، بیان مکمل ہونے کے بعد ملزم کو تمام تحریر پڑھ کر سنائی گئی۔بیان مکمل ہونے کے بعد ملزم خالد شمیم کے دستخط اور انگوٹھا لگوایا گیا۔عمران فاروق قتل کیس کے ملزم خالد شمیم کا تفصیلی بیان ریکارڈ کرنے کے بعد دوسرے ملزم محسن علی کو مجسٹریٹ کے رو برو طلب کرلیا گیا۔