اسلام آباد(نیوز ڈیسک)چین کی ایک سرکاری کارپوریشن نے پاکستان میں پانی سے بجلی پیدا کرنے والے سب سے بڑے منصوبے کی تعمیر کے حقوق حاصل کر لیے ہیں ، کارپوریشن کوہالہ ہائیڈروپاور پروجیکٹ تعمیر کرے گی جو پانی سے بجلی پیدا کرنے والا پاکستان کا سب سے بڑا منصوبہ ہے اس سے گیارہ لاکھ کلو واٹ بجلی پیدا ہو گی ۔ یاد رہے کہ یہ منصوبہ پاک چین اقتصادی راہداری کا حصہ ہے جس کے ذریعے پاکستان میں 3ہزار کلومیٹر شاہراہوں ، ریلوے اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو ترقی دی جائے گی جس سے پاکستان میں اقتصادی خوشحالی کے دروازے کھل جائیں گے ۔ کارپوریشن نے گذشتہ سال ستمبر میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے رضا مندی ظاہر کی جس پر حکومت پاکستان نے گذشتہ ہفتے اسی منصوبے کے لیے منظوری دے دی ، منصوبے پر کام کرنے والی چائنہ تھر ی گارجز کارپوریشن (سی ٹی جی سی)توانائی کے بڑے بڑے منصوبوں پر کام کرنے والی اچھی شہرت کی حامل کمپنی ہے جو بڑے سے بڑے منصوبے مکمل کرنے کی اہلیت اور صلاحیت رکھتی ہے ۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل سے توانائی کے شعبے میں انقلاب انگیز ترقی ہو گی اور پاکستان توانائی کے بحران سے نکل آئے گا ۔