کراچی(نیوز ڈیسک)قومی فضائی کمپنی پی آئی اے میں اکتوبر 2014ءسے اگست 2015ءکے دوران ایک کروڑ20لاکھ روپے کے ہیرپھیر کا انکشاف ہوا ہے جس پر ایک ملزم کو گرفتارکرکے ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیاہے جس نے اعتراف جرم بھی کرلیا ہے۔ پی آئی اے کے ترجمان کی طرف سے جمعرات کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق پی آئی اے میں ٹریول ایجنٹوں کے کھاتوں کی چھان بین کے دوران ایک کروڑ 20لاکھ روپے کی بے قاعدگیاںکا سراغ ملا جس پر ابتدائی تحقیقات کے دوران ایک اھلکار ملوث پایا گیا،ملزم کو حراست میںلیا گیا تو مزید تفتیش کے دوران اس نے اعتراف جرم کر لیا۔جس پر یہ کیس باقاعدہ تحقیقات کے لئے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے کی انتظامیہ کسی قسم کی کرپشن کو برداشت نہیں کر سکتی اور قومی فضائی کمپنی کو بھاری نقصان پہنچانے اور اس کی ساکھ خراب کرنے والوں سے قانون کے مطابق نمٹیںگے۔