فیصل آباد(نیوز ڈیسک) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے سوشل میڈیا پر تنقید کرنے والے پی ایچ ڈی کے طالبعلم کاشان گیلانی کو یونیورسٹی میں دوبارہ داخلے کی اجازت دیدی۔یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کاشان کی بحالی کا نوٹیفکیشن جلد جاری کردیا جائے گا۔ کاشان کا ختم ہوا امتحان اور بڑھی اس کی شان۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی انتظامیہ نے کاشان حیدر گیلانی کی جانب سے بیان حلفی جمع کرانے کے بعد اسے دوبارہ یونیورسٹی میں داخلے کی اجازت دیدی۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کاشان نے آئندہ یونیورسٹی قوانین کی خلاف ورزی نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس کی بحالی کا نوٹیفکیشن جلد جاری کردیا جائے گا۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آ باد کے پی ایچ ڈی کے طالبعلم کاشان گیلانی نے فیس بک پر یونیورسٹی کو درسگاہ کے بجائے رقص گاہ لکھا تو بھونچال آگیا اوراسے آزادی اظہار رائے کی بھاری قیمت چکانا پڑی۔یونیورسٹی کی ڈسپلنری کمیٹی نے معمولی واقعے پر بڑی سزا سنا کر اس پر تعلیم کے دروازنے بند کر دیئے اور اسے یونیورسٹی سے بھی نکال دیا گیا۔ میڈیا نے اس معاملے کو اٹھایا تو یونیورسٹی کو اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنا پڑی اور کاشان کو بحال کردیا۔