اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ایف آئی اے نے ای سی ایل میں نام شامل ہونے کے باوجود جہاز میں سوار ہونے والے اشتہاری مجرم اور اس کی ایئر ہوسٹس بیوی کو حراست میں لے لیا۔نجی ٹی وی کے مطابق احتشام الحق نامی شہری کا نام ای سی ایل میں شامل ہے جبکہ عدالت نے اس کو اشتہاری مجرم بھی قرار دے رکھا ہے۔ احتشام الحق مردان کارہائشی ہے جبکہ اس کی بیوی آمنہ شاہد پی آئی اے میں ایئر ہوسٹس ہے اور اسی بات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مجرم نے سعودی عرب فرار ہونے کی کوشش کی اور اپنی بیوی کی مدد سے امیگریشن حکام سے ملی بھگت کرکے پی آئی اے کی پرواز پی کے 741میں سوار ہوگیا۔ جب جہاز ایئرپورٹ سے اڑان بھر گیا تو ایف آئی اے کو ہوش آیا اور جہاز کو واپس مڑوالیا۔ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے رن وے سے ہی میاں بیوی کو گرفتار کرلیااور ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن سمگلنگ ونگ کے حوالے کردیا۔