اسلام آباد (نیوزڈیسک) محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر غلام رسول نے کہا ہے کہ چھوٹے زلزلوں کا آنا اچھی بات ہے چھوٹے زلزلوں سے توانائی کا اخراج ہوتا ہے اور بڑے زلزلے کم ہوجاتے ہیں زلزلے کے حوالے سے کسی بھی قسم کی پیشنگوئی ممکن نہیں۔اسلام آباد میں این ڈی ایم اے کے چیئرمین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقوں میں زیادہ زلزلے آتے ہیں۔ کوہ ہندوکش سے ملحقہ علاقوں میں 80 فیصد زلزلے آئے۔ 26اکتوبر کے بعد 800 آفٹر شاکس ریکارڈ کئے گئے یوریشین اور انڈین پلیٹوں کے ٹکراﺅ سے زلزلے زیادہ آرہے ہیں۔ بڑے زلزلے کے فوراً بعد آفٹر شاکس کی تعداد بڑھی ہے۔ شمالی پہاڑی علاقوں میں زیادہ خطرناک فالٹ لائن موجود نہیں۔ ڈی جی محکمہ موسمیات نے کہا کہ پاکستان میں زلزلے کی پیشگی اطلاع کا کوئی نظام موجود نہیں، دنیا کے کچھ ممالک میں یہ ٹیکنالوجی ہے جس میں کچھ سیکنڈ قبل مطلع کیا جاسکتا ہے تاہم پیشنگوئی نہیں کی جاسکتی۔