نئی دہلی (نیوزڈیسک) پٹھان کوٹ میں حملے،بھارت بالآخر اپنی پرانی روش پر آہی گیا،پاکستان کیلئے مشکل کھڑی کردی،بھارت کی قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے دعویٰ کیا ہے کہ پٹھان کوٹ میں دہشتگردی کے مرتکب افراد پاکستان سے آئے تھے ہم پاکستان کو شواہد فراہم کرینگے اور توقع ہے کہ پاکستان بھی تعاون کریگا ۔ این آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل شرد کمار نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ٹیلیفون کالز کے شواہد ملے ہیں کہ ان لوگوں سے پاکستان سے رابطہ کیا جا رہا تھا انہوں نے کہاکہ اس واقعہ کے بارے میں 3 مقدمات درج کئے گئے ہیں جن میں ایک ٹیکسی ڈرائیور کے اغواء، ایک مقدمہ مقامی ایس پی کے اغواءجبکہ تیسرا مقدمہ ایئر فورس اسٹیشن پر حملے کا درج کیا گیا ہے۔ این آئی اے نے تفتیش شروع کر دی ہے اور ہم اس سازش سے پردہ اٹھا کر دم لیں گے ۔ بھارتی حکام کے مطابق ایک ایس پی رینک کے افسر کو واقعے کی تفتیش کیلئے سربراہ مقرر کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ پاکستان پہلے ہی اس واقعے کی شدید مذمت کر چکا ہے ۔ دریں اثناءبھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ کالعدم جیش محمد کیخلاف کارروائی کرے اور بھارتی حکام نے اس تنظیم کو پٹھان کوٹ حملے کا ذمہ دار قرار دیا ہے حکام کا کہنا ہے کہ انہیں اس حوالے سے شواہد ملے ہیں اور پاکستان سے اشفاق احمد ، حافظ عبد الشکور اور قاسم جان نامی لوگ ان دہشتگردوں سے رابطے میں تھے ۔