اسلام آباد (ویب ڈیسک )وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی امور عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے ‘سعودی عرب کے وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے دوران معاملے پر بات چیت ہوگی ‘ میڈیا کو سعودی عرب اور ایران کے معاملے پر مثبت رپورٹنگ کرنی چاہیے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کی وجہ سے ہمارے سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ اور خوشگوار تعلقات ہیں۔ دونوں ملکوں نے دفاع سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کے کئی معاہدے کر رکھے ہیں۔ اسی طرح پاکستان اور ایران کے بھی دوستانہ اور تاریخی تعلقات ہیں کیونکہ ایران نے 1965ءمیں بھارت کے ساتھ جنگ میں پاکستان کے ساتھ تعاون کیا تھا۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ پاکستان دونوں کے ساتھ تعلقات کشیدہ نہیں کرنا چاہتا اس لئے کسی کی بھی طرفداری نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے دوران ہم ان سے اس معاملے پر بات کریں گے اور اسی طرح ایران سے بھی بات کر کے مسئلے پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف سری لنکا کے دورے سے واپسی پر اس بحران کے خاتمے کیلئے اقدامات کریں گے جبکہ ہمارے وزارت خارجہ نے تو پہلے ہی دونوں اسلامی ممالک کے مابین کشیدگی کے خاتمے کیلئے کوششیں شروع کر دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کی کشیدگی نہ صرف خطے کیلئے نقصان دہ ہے بلکہ پوری امت مسلمہ پر اثرات مرتب کرے گی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ترکی اور دوسری مسلم ریاستوں کو چاہیے کہ وہ وہ وزارت خارجہ کی ملاقات رکھیں اور اس میں دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کیلئے منصوبہ بندی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کو سعودی عرب اور ایران کے معاملے پر مثبت رپورٹنگ کرنی چاہیے