اسلام آباد(نیوزڈیسک) کراچی کے مون گارڈن کیس کی سماعت کے دوران محکمہ مال نے مون گارڈن کی الاٹمنٹ درست قرار دیدی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ مال کی جانب سے مون گارڈن کی الاٹمنٹ کے حوالے سے سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرائی گئی جس میں مون گارڈن کی الاٹمنٹ کو درست قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مون گارڈن کو سرکار کی طرف سے زمین الاٹ کی گئی اور اس زمین میں ریلوے یا کے ڈی اے کی زمین شامل نہیں ہے۔ محکمہ مال کی رپورٹ پر جسٹس ثاقب نثار نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ یہ رپورٹ مون گارڈن کے مالک عبدالرزاق خاموش کے حق میں ہے اور بظاہر لگتا ہے کہ مون گارڈن کی تعمیر درست ہے۔ کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وکیل نے اعتراض اٹھایا کہ محکمہ مال نے رپورٹ کی تیاری کے بارے میں نوٹس نہیں دیااوررپورٹ کی تیاری میں کے ڈی اے کا موقف شامل نہیں۔ جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں2 رکنی بینچ نے کے ڈی اے کو رپورٹ کا جائزہ لینے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت بدھ کے روز تک ملتوی کردی۔