اسلام آباد(نیوزڈیسک) وزارت مذہبی امور رواں سال سے ہارڈ شپ کے نام پر ارکان پارلیمنٹ اور دیگر وی آئی پیز شخصیات کیلئے مختص کردہ کوٹا ختم کرنے پر غورکر رہی ہے۔نئی حج پالسی کے سلسلے میں سعودی وزارت حج سے مذاکرات کیلیے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کی سربراہی میں جانے والے 3 رکنی وفد کا (منگل) سے شروع ہونے والا دورہ ملتوی کردیا گیا ہے، ذرائع نے بتایا ہے کہ سعودی حکام سے مذاکرات کیلیے وزارت مذہبی امور کا وفد اب 16 فروری کو سعودی عرب جائے گا، ذرائع کے مطابق نئی حج پالسی میں وی آئی پی حج فلائٹ کا آپشن بھی ختم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ہارڈ شپ کے نام پر ہر سال 5 فیصد کوٹا ارکان پارلیمنٹ اور دیگر بااثر شخصیات میں تقسیم کیا جاتا ہے جو رواں سال ختم کیا جا رہا ہے، ذرائع نے بتایا کہ وزارت مذہبی امور کے حکام نے اس سلسلے میں سفارشات کو حتمی شکل دے دی ہے جو جلد وزیراعظم سیکریٹریٹ منظوری کیلیے بھجوائی جائیں گی۔