پشاور(نیوزڈیسک)گورنر خیبر پختونخواہ سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ ہمیں اندرونی اور بیرونی دونوں اطراف سے دشمن کا سامنا ہے ہم ایک مضبوط اور ذمہ دار ایٹمی قوت ہیں اور کئی بار دشمن کے دانت کھٹے کر چکے ہیں۔ ملک دشمن عناصر کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں مشترکہ جدوجہد کرنا ہو گی ہم پر امن قوم ہیں۔ دہشتگرد ہم سب کے دشمن ہیں۔ ہمیں مل جل کراتحاد کے ساتھ اس ملک کو امن کا گہوارہ بنانا ہو گا تاکہ ہم بین القوامی سطح پر اقوام عالم کا مقابلہ کر سکیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز ایبٹ آباد جلال بابا آڈیٹوریم میں تحریک پاکستان کے مجاہد اور ریفرنڈم کے بانی جلال بابا عرف جلال الدین کی35ویں برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں جلال بابا مرحوم کے خاندان سمیت ان کے رفقائ کار، اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی تقریب میں بزرگ مسلم لیگی رہنما و سابق وزیر علی افضل خان جدون، ایم پی ایز سردار اورنگزیب نلوٹھہ، آمنہ سردار، رقیہ خواجہ، خواجہ عبد المنان،ہزارہ اباسین کونسل کے جمیل عباسی و دیگر نے بھی شرکت کی جلال بابا مرحوم کی یاد میں تقریب کا انعقاد ہزارہ اباسین کونسل کے زیر اہتمام کیا گیا تھا اور گورنر خیبر پختونخواہ نے ہزارہ آباسین آرٹس کونسل کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کیلئے دس لاکھ روپے کی گرانٹ دینے کا بھی اعلان کیا ہے اس موقع پر جلال بابا کے بھائیوں، غلام مرتضیٰ اور غلام حبیب نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ ان کی پرپوتیوں سمیت مختلف مقررین نے ان کی قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گورنر خیبر پختونخواہ نے کہا کہ جلال بابا مرحوم کی قیام پاکستان اور صوبہ خیبر پختونخواہ کو پاکستان میں شامل کرنے کے حوالے سے خدمات ناقابل فراموش ہیں جنہیں ہمیں اجاگر کرنا ہو گا اور نئی نسل کو ان کی قربانیوں سے روشناس کرنا ہو گا انہوں نے کہا کہ جلال بابا نا صرف اس خطے بلکہ ملت اسلامیہ کے ایک بہادر سپوت تھے، جنہوں نے اپنا سب کچھ اس ملک کے قیام کیلئے صرف کر دیا تھا اس موقع پر انہوں نے ہزارہ یونیورسٹی میں جلال بابا مرحوم کے نام سے ایک چیئر بنانے کی منظوری دی اور وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی کو ہدایت کی کہ وہ جلد از جلد اس کے قیام کو عمل میں لائیں گورنر خیبر پختونخواہ نے کہا کہ آمریت نے سیاسی اور معاشی طور پر ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا جس سے اس ملک میں سیاسی قیادت کا خلائ پیدا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی قیادت میں نا صرف اس ملک کا دفاع مضبوط ہوا ہے بلکہ ہم معاشی طور پر بھی آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری سے بڑے پیمانے پر ہزارہ میں معاشی سرگرمیاں شروع ہونے والی ہیں ہمیں اس کیلئے بھر پور تیاری کرنا ہو گی اور اس سے استفادہ حاصل کرنا ہو گا اس راہداری سے نہ صرف ہزارہ میں فروغ حاصل ہو گا اور یہ خطہ تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گا اورہزارہ کی قربانیوں اور محرومیوں کا ازالہ ہو جائے گا انہوں نے کہا کہ آزادی کی قیمت ان لوگوں سے پوچھیں جو ایک آزاد ملک میں رہتے ہوئے بھی در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں گزشتہ چند سالوں کے دوران چالیس لاکھ سے زائد افراد قبائلی علاقوں سے بے گھر ہوئے۔ ہمیں اندرونی اور بیرونی دونوں اطراف سے دشمن کے چینلجز کا سامنا ہے اس لیئے ہمیں فرقوں، قبیلوں میں بٹنے کے بجائے آپس کے اختلافات کو ختم کر کے ایک قوم بن کر ان کا مقابلہ کرنا ہو گا اور اس ملک کی عزت اور وقار کو بحال کرنے کیلئے دہشتگردی سمیت تمام چیلنجز سے نبرد آزما ہونا پڑے گا انہوں نے مزید کہا کہ جلال بابا مرحوم جیسے قومی ہیروز نے اپنی زات کی قربانی دیکر آنے والی نسلوںکو زندہ رہنے کی جلائ بخشی ہے جس کی بدولت ہم آج ایک آزاد وطن میں رہ رہے ہیں اس ملک کو ٹھیک کرنے کیلئے ہمیں خود ٹھیک ہونا پڑے گا اور خود احتسابی کے عمل سے گزرنا ہو گا اسی میں ہم سب کی بقاءہے