کراچی(نیوزڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ہدایت پرآسٹریلیا سے ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانی شہری کو کراچی ایئرپورٹ سے واپس بھیج دیا گیا،جبکہ پاکستانی شہری کے ساتھ آنے والی آسٹریلوی پولیس کی ٹیم کو طیارے سے باہر نہیں آنے دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو آسٹریلین پولیس اسکارٹ ایک شخص کو وزارت داخلہ کی تصدیق کے بغیر ڈی پورٹ کرکے کراچی ایئرپورٹ لے آئی، وزیر داخلہ کی ہدایت کے مطابق نہ تو متعلقہ شخص کو اترنے دیا گیا اور نہ ہی آسڑیلین پولیس اسکارٹ کو طیارے سے باہر آنے کی اجازت دی گئی،ڈی پورٹ کئے گئے شخص کو پولیس اسکارٹ سمیت اسی فلائٹ سے واپس آسٹریلیا بھیج دیا گیا۔اطلاعات کے مطابق مذکورہ شخص ایک آسٹریلو ی خاتون سے شادی تھا اور علیحدگی ہونے پر اسے پاکستان ڈی پورٹ کر دیا گیا۔ دوسری جانب وزارت داخلہ نے بغیر متعلقہ کاغذات ایک مسافر کو کراچی لانے پر تھائی ایئر لائن کو بھی نوٹس جاری کردیا۔