اسلام آباد(نیوزڈیسک)سپریم کورٹ میں موسم سرما کی تعطیلات کے اختتام پر (کل)پیرسے مقدمات کی سماعت کے لیے اسلام آباد میں چھ جبکہ لاہور رجسٹری کے لئے ایک بینچ تشکیل دے دیا ہے ۔ عدالت عظمیٰ میں متعدد انتخابی عذرداریوں سمیت ای او بی آئی کرپشن کیس ، لال مسجد آپریشن میں ماورائے عدالت قتل کے مقدمات کی سماعت ہوگی۔سپریم کورٹ کا پہلا بینچ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں جسٹس عمر عطاءبندیال اور جسٹس خلجی عارف حسین،دوسرا بینچ جسٹس میاں ثاقب نثار ، جسٹس فیصل عرب ، جسٹس طارق پرویز ، تیسرا بینچ جسٹس آصف سعید خان کھوسہ ، جسٹس مشیر عالم اور جسٹس سردار طارق مسعود پر مشتمل قائم کیا گیا ہے۔ عدالت کا چوتھا ڈویژن بینچ جسٹس اعجاز افضل خان اور جسٹس اقبال حمیدالرحمان پر مشتمل ہے۔ جسٹس گلزار احمد اور جسٹس دوست محمد خان پانچویں بینچ کے ممبران ہیں جبکہ چھٹے بینچ میں جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس مقبول باقرکو رکھا گیا ہے۔ یہ تمام بینچ اسلام آباد میں مقدمات کی سماعت کریں گے جبکہ عدالت کا ساتواں بینچ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کرے گاجوجسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس منظور احمد ملک پر مشتمل ہے۔