اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے این ٹی ایس ٹیسٹ میں فیسوں کی تحقیقات کا معاملہ متعلقہ کمیٹی کے حوالے کرتے ہوئے تیس دنوں میں جواب طلب کرلیا۔جمعہ کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں صدر کے خطاب پر پیپلز پارٹی کی شاہدہ رحمانی نے کہا کہ دہشتگردی جہاں پر ہورہی ہے وہاں پر کوئی بھی آپریشن نہیں کیاجارہا ہے اسلام آباد میں بیٹھے ایک شخص کے ماضی کے کردار کو پوری دنیا جانتی ہے اور اب اس کے داعش کے ساتھ لنک بھی سامنے آرہے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی ایسے عناصر کو نشانہ بنانے کی بجائے سندھ حکومت کونشانہ بنایا جارہاہے نیشنل ایکشن پلان کراچی کے علاوہ ملک میں نظر نہیں آرہا داعش سے پاکستان کی سلامتی کو خطرہ ہے وزیراعلیٰ سندھ کراچی آپریشن کے کیپٹن نہیں بلکہ وہ پورے سندھ کے سپہ سالار ہیں۔صاحبزادہ محمد یعقوب نے کہا کہ امن وامان کا مسئلہ سب سے اہم ہے قوم اس وقت پریشان ہے امن وامان کے باعث ترقیاتی کام رکے ہوئے ہیں مہنگائی سے غریب عوام کا جینا مشکل ہوگیا ہے بجلی بحران نے ملک کی معیشت کی کمر توڑ دی ہے ملک میں ایجوکیشن کے معیار کو بنانا چاہیے ملک میں صحت کی سہولت کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کا صحت کا پلان خوش آئند ہے علی محمد خان نے کہا کہ مردان میں دہشتگردی واقعہ کی اجازت اسلام اور قرآن میں نہیں ہے اسلام ایک انسان کو مارنا تمام انسانیت کا قتل سمجھتا ہے لیکن یہاں پر انصاف نہیں ہے وزیراعظم مردان شہیدوں کے ورثاءکو امدادی پیکج فراہم کریں جواب میں وفاقی وزیر سیفران قادر بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر مردان جا کر بیماروں اور شہیدوں کے ورثاءکے گھر تعزیت کرنی ہے پرویز خان شہید کے دو بیٹوں کو ملازمت دی جائے گی ساجدہ بیگم نے کہا کہ خواتین کے حق میں کوئی بھی پروگرام نہیں لایا جارہا بیوہ عورتوں کیلئے روزگار کی کوئی سکیم متعارف نہیں کرائی گئی ہمیں خصوصی نشستوں کا طعنہ دے کر ہمیں حلقوں کے ترقیاتی فنڈز فراہم نہیں کئے جاتے ایوان کے دوسرے اراکین کی طرح ہمیں بھی حقوق دیئے جائیں سراج محمد خان نے کہا کہ این ٹی ایس میں گیارہ ہزار لوگ ٹیسٹ دیتے ہیں لیکن ان کا کوئی طریقہ کار کا پتہ کسی کو نہیں ہے کہ آخر یہ پیسے کہاں جاتے ہیں اب یہ لوگ این ٹی ایس ٹیسٹ سے تنگ آچکے ہیں کیونکہ جب بھی کوئی پڑھا لکھا نوجوان نوکری کیلئے امتحان دیتا ہے تو اسے آٹھ سو دینے پڑتے ہیں۔نوشہرہ میں پوسٹ آفس کی سخت ضرورت ہے۔ جواب میں سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ این ٹی ایس کا مسئلہ میں کمیٹی کو بھیج دونگا اور کمیٹی اس کا تیس دن میں جواب دے گی کیونکہ یہ تمام جماعتوں کی آواز ہے خواجہ سہیل منصور نے کہا کہ افغانیوں اور دوسرے غیر ملکیوں کے کارڈ بن جاتے ہیں لیکن کراچی کے شہریوں کے کارڈ نہیں بنائے جاتے ہیں کیونکہ وہاں پر ایک بڑا مافیا بیٹھا ہوا ہے۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شہریار خان آفریدی نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانیوں سے جانوروں جیسا سلوک کیا جارہا ہے پاکستانیوں کو چھ چھ ماہ بغیر کسی وجہ زنجیروں میں جکڑا جاتا ہے رکن قومی اسمبلی غوث بخش مہر نے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی اجلاس کے لئے اطلاع نہیں دی جاتی اس حوالے سے کوئی ہدایات جاری کریں رکن قومی اسمبلی ساجد نواز نے کہا کہ ہمارے علاقے میں بائیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے براہ راست کنڈے لگے ہیں میٹرز نہیں ہیں پیسکو چیف سے اس مسئلہ پر بات کی ہے لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا انہوں نے مزید کہا کہ میٹرز لگوا نے کو تیار ہیں لوگ بقایا جات ادا نہیں کرسکتے میٹر لگوانے والے کو ذلیل کیا جاتا ہے