اسلاآباد(نیوزڈیسک) لودھراں سے تحریک انصاف کے نومنتخب رکن جہانگیر ترین نے رکن قومی اسمبلی کا حلف اٹھا لیا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جہانگیر ترین سے رکن قومی اسمبلی کا حلف لیا۔ حلف اٹھانے کے بعد قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ انصاف لیتے ڈھائی سال لگ گئے اور 30 پیشیاں بھگتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسانوں کو خوفناک مسائل کا سامنا ہے، ان کے حقوق کے لئے آواز اٹھاتے رہیں گے، وزیراعظم کا ڈھائی ارب روپے کا پیکج فوری جاری کیا جائے، رقم لودھراں کے عوام کی ہے ان پر ہی خرچ ہو گی۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اور شاہ محمود قریشی بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ جہانگیر ترین نے گزشتہ ماہ لودھراں سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 154 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار صدیق بلوچ کو شکست دی تھی۔ 2013 کے عام انتخابات میں لودھراں سے صدیق بلوچ آزاد حیثیت میں کامیاب قرار پائے تھے جسے جہانگیر ترین نے چیلنج کیا تھا، الیکشن ٹریبونل نے حلقے میں دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم دیا تھا۔