اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پولیس نے آئیسکو کے اہلکار کو قتل کرنے والے فوجی افسر کو عدالتی حکم پر ملٹری پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے۔ پاکستانی فوج کے میجر راجہ زاہد نے بدھ کو ڈیفنس ہاو¿سنگ اتھارٹی فیز ٹو کے علاقے میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کاپوریشن کے اہلکار محبوب احمد کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔ انھیں اسلام آباد میں ڈیوٹی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا تو عدالت کا کہنا تھا کہ ملزم چونکہ فوجی اہلکار ہے اس لیے اس کا کورٹ مارشل ہونا چاہیے۔ انھوں نے پولیس کو حکم دیا کہ ملزم کو ملٹری پولیس کے حوالے کر دیا جائے جبکہ میجر زاہد کے ساتھی ملزم منہاج کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا گیا۔ خیال رہے کہ لائن مین کی ہلاکت کی وجہ تین ماہ کے بل کی عدم ادائیگی کی وجہ سے میجر راجہ زاہد کے مکان کی بجلی منقطع کرنے کی کوشش بنی تھی۔ میجر زاہد نے محبوب احمد کو قتل کرنے کے بعد منہاج کی مدد سے ان کی لاش گوجر خان کے علاقے میں ایک ویران جگہ پر دفنا دی تھی۔