کراچی(نیوز ڈیسک)کراچی میں وفاقی جامعہ اردو میں 8 کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔ جامعہ کے میگا کرپشن اسکینڈل پر قومی احتساب بیورو حرکت میں آگیاہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی جامعہ اردو میں 8 کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کا کیس سامنے آ گیاہے۔ قومی احتساب بیورو نے جامعہ کے میگا کرپشن اسکینڈل پر کارروائی شروع کر دی۔نیب حکام نے جامعہ کی انتظامیہ سے جنوری 2013سے 2015کا ریکارڈ طلب کرلیا۔ کرپشن کی تحقیقات کے آغاز ہوا تو نیب حکام نے جامعہ اردو کے اکاونٹ اور پرچیز ڈیپارٹمنٹ کے 28 افسران سے پوچھ گچھ شروع کی۔ تحقیقات کا سامنا کرنے والے افسران کے نیب حکام نے فردا فردا بیانات لئے۔ذرائع کے مطابق وفاقی اردو یونیورسٹی میں نجی سکیورٹی کمپنی کو غیرقانونی طورپر سکیورٹی کا ٹھیکہ دیا گیا۔ جامعہ اردو کی انتظامیہ نے ملی بھگت کرکے کیبل وائر کی خریداری اور تنصیب میں بھی چونا لگایا۔ یاد رہے کہ سابق ڈائریکٹر فنانس محمد علی کو کرپشن کے الزام میں پہلے برطرف کیا جا چکا ہے۔