کراچی (نیوزڈیسک) سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹرعاصم حسین کے ضیا ءالدین اسپتال میں دہشت گردوں کے علاج معالجے کے حوالے سے اہم انکشافات سامنے آئے ہیں ۔ذرائع کے مطابق ضیاالدین اسپتال سے مختلف اوقات میں 330دہشت گردوں نے علاج کرایا۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے نے مطلوب330 دہشت گردوں کا کریمنل ریکارڈ قبضے میں لے لیاہے۔قبضے میں لیے گئے ریکارڈ کے مطابق ضیاالدین اسپتال میں علاج کروانے والے دہشت گردوں میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے ساتھ ساتھ گینگ وار اورکالعدم تنظیموں کے خطر ناک کارندے بھی شامل تھے۔ علاج کرانے والوں میں ایسے دہشت گرد بھی شامل تھے جن کی حکومت نے سروں کی قیمت مقرر کررکھی تھی۔قانون نافذ کرنے والے ادارے نے 330دہشت گردوں کا سربمہر ریکارڈ تفتیشی حکام کے حوالے کردیا ہے جسے ڈاکٹر عاصم کے خلاف ٹھوس ثبوت کے طور پر عدالت میں پیش کیا جائے گا۔واضح رہے کہ ڈاکٹر عاصم کے خلاف دہشت گردوں کے علاج معالجے کے الزام میں مختلف تھانوں میں ایف آئی آر درج کی گئی تھیں۔