کراچی(نیوز ڈیسک)مزار قائد پر دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظرسکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ وفاقی حکومت نے نئے سکیورٹی پلان کی منظوری بھی دے دی ہے۔مزار قائد پر سکیورٹی خدشات کی بنا حفاظتی اقدامات اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت مزار قائد کی چار دیواری نو فٹ تک بلند کی جائے گی۔ مزار قائد کے اندرمختلف مقامات پر دس واچ ٹاورز کے علاوہ چالیس نئے بیریئر بھی بنائے جائیں گے۔مزارقائد آنے والی گاڑیوں کی چیکنگ کے لئے انڈروھیکل انسپکشن سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ اڑتیس جدید نائٹ ویژن سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے جائیں گے۔ سکیورٹی منصوبے کا تخمینہ ساڑھے چار کروڑ روپے لگایا گیا ہے جس کے لئے مزار مینجمنٹ بورڈ نے ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔