پشاور(نیوزڈیسک)لاہور میں چین کے تعاون سے مہنگے ترین تفریحی منصوبے کے اعلان کے بعد،خیبر پختونخواکے عوام کیلئے بھی بڑ ی خوشخبری آگئی،واٹر تھیم پارک کے قیام کیلئے موٹروے پر چارسدہ انٹر چینج کے قریب واقع 100 ایکڑ اراضی کا انتخاب زیر غور ہے جہاں پر اس نئے پارک میں واٹر سپورٹس، وائلڈ لائف سفاری، پیرا گلائیڈنگ، ائر ٹیکسی، فلوٹنگ ریسٹورنٹ، بنجی جمپنگ، شیلٹس اور فوڈ کورٹس کی سہولیات میسر ہوں گی ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخواپرویز خٹک نے صوبے میں ایک جدید ترین اور ملک کے پہلے واٹر تھیم پارک اور خیبرپختونخواہیلتھ سٹی کے قیام کے بارے میں خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کی تجاویز کی منظوری دیتے ہوئے ان منصوبوں کو عملی شکل دینے کی غرض سے متعلقہ حکام کو تمام ترضروری اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی ہے منگل کے روز اس سلسلے میں خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمٹ کمپنی کے چیئرمین غلام دستگیر نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکو وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں بریفینگ دی جبکہ اس موقع پر وزیراعلیٰ شکایات سیل کے چیئرمین دلروز خان، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے بریفینگ کے دوران خیبرپختونخوااکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین غلام دستگیر نے دونوں مجوزہ منصوبوں کی افادیت اور ان میں عوام کیلئے دی جانے والی سہولیات کے بارے میں وزیراعلیٰ کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا انہوں نے بتایا کہ واٹر تھیم پارک کے قیام کیلئے موٹروے پر چارسدہ انٹر چینج کے قریب واقع 100 ایکڑ اراضی کا انتخاب زیر غور ہے جہاں پر اس نئے پارک میں واٹر سپورٹس، وائلڈ لائف سفاری، پیرا گلائیڈنگ، ائر ٹیکسی، فلوٹنگ ریسٹورنٹ، بنجی جمپنگ، شیلٹس اور فوڈ کورٹس کی سہولیات میسر ہوں گی جبکہ مجوزہ خیبرپختونخوا ہیلتھ سٹی کے قیام کیلئے بھی موزوں جگہ تلاش کی جارہی ہے اور اس منصوبے کیلئے 70 ایکڑ اراضی درکار ہوگی اس موقع پر بتایا گیا کہ مذکورہ ہیلتھ سٹی میں بین الاقوامی معیار کے ہسپتالوں کے علاوہ ٹراما سنٹرز، برن یونٹس ، فارمیسی ، سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر یونٹس، کالجز اور یونیورسٹیز، ٹریننگ سنٹرز اور نرسنگ سنٹر کے علاوہ ریسرچ کی سہولیات ، جمزاور فٹنس سنٹر ، فیزیو تھراپی یونٹس ، کھیل کی سہولیات ،ہو ٹلزاور ڈاکٹروں کیلئے رہائشی سہولیات مہیا کی جائیں گی اس منصوبے سے ایک ہی جگہ پر صحت کی تمام سہولیات مریضوں کیلئے دستیاب ہوں گی اور کم خر چ پر بہتر طبی سہولیات موجود ہوں گی اس کیلئے حکومت پرکشش ترغیبات کے ساتھ اراضی فراہم کرے گی اورسرمایہ کاراس میں سرمایہ کاری کریں گے وزیراعلیٰ نے اس موقع پر دونوں مجوزہ منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے ان کو جلد ازجلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی اور اس اُمید کا اظہار کیا کہ اس سے صوبے کے عوام کو ایک ہی چھت تلے علاج معالجے کی اعلیٰ سہولیات میسر آسکیں گے اور واٹر تھیم پارک کے قیام سے صحت و تفریح کے بہترین مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر محکمہ صنعت کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کے حکام سے مل کر صنعتکاری کیلئے اقدامات کرے تاکہ صنعتی شعبے کی ترقی کیلئے حکومتی اقدامات موثر انداز میں آگے بڑھائے جا سکیںدریں اثناءوزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی زیر صدارت محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کا ایک اجلاس بھی منعقد ہو ا جس میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کویقینی بنائیں اور پہلے مرحلے میں ترجیحاتی اضلاع جہاں پر عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے سنگین مسائل کا سامنا ہے کی نشاندہی کرکے ان کیلئے مناسب بندوبست کرے جبکہ بعد میں باقی صوبے میں صاف پانی کی فراہمی کی یہ سہولیات فراہم کی جائیں ۔
واضح رہے کہ لاہور میں تھیم پارک اور ایکواریم بنانے کامنصوبہ بھی زیر غور ہے،چینی سرمایہ کاروں نے پنجاب میں تھیم پارک اورسٹیٹ آف دی آرٹ ایکواریم بنانے کے مجوزہ منصوبے میں سرمایہ کاری پر آمادگی کا اظہار کیاہے۔لاہور میں تھیم پارک اور سٹیٹ آف آرٹ ایکواریم بنانے کا مجوزہ منصوبہ عوام کو عالمی معیار کی منفرد اور معیاری تفریحی سہولتوں کی فراہمی کیلئے اہمیت کا حامل ہے اور اس منصوبے کے حوالے سے ضروری امور جلد سے جلد طے کئے جائیں گے تاکہ لاہور میں جدید ترین تفریحی سہولتوں پر مشتمل اس پارک اور ایکواریم کے مجوزہ منصوبے کو حتمی شکل دی جا سکے۔ یہ منصوبہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد تفریحی پراجیکٹ ہوگا جس میں سرمایہ کاری چین کے سرمایہ کار کریں گے۔یہ منصوبہ عالمی معیار کی تفریحی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ایک منفرد حیثیت کا حامل ہوگا۔ چینی سرمایہ کاروں نے وزیراعلیٰ پنجاب کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اس منصوبے کو 2017کے اوائل میں مکمل کر لیا جائے گا۔
لاہور کے مہنگے ترین تفریحی منصوبے کا مقابلہ،خیبر پختونخواکے عوام کیلئے اس سے بھی بڑ ی خوشخبری آگئی
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں