اسلام آباد (آن لائن) نیب حکام نے وزیراعظم نواز شریف ‘ شہباز شریف ‘ چوہدری برادران و دیگر سیاسی رہنماؤں کے خلاف کرپشن مقدمات کی تحقیقات مکمل کرلی ہیں۔ نیب کے تحقیقاتی افسران نے انکوائریوں کی مفصل رپورٹ چیئرمین نیب چوہدری قمر الزمان کو پیش کردی ہیں۔ چیئرمین نیب چوہدری قمر الزمان نے نیب کے تمام انکوائری افسران کو ہدایت کی تھی کہ 2012 ء سے پہلے کے کرپشن مقدمات کی انکوائریاں 31 دسمبر 2015 ء سے پہلے پہلے مکمل کرکے رپورٹ دیں۔ آن لائن کو نیب کے انتہائی ذمہ داران ذرائع نے بتایا ہے کہ چیئرمین کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے فیلڈ افسران نے 15 سال پرانے تمام مقدمات کی انکوائریاں مکمل کرکے رپورٹس چیئرمین کو بھیج دی ہیں۔ نیب ذرائع نے بتایا ہے کہ شریف برادران اور چوہدری برادران کے خلاف کی گئی انکوائریوں میں شدید بے قاعدگیاں سامنے آئی ہیں اور کرپشن الزامات کو یکسر مسترد نہیں کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے دور حکومت میں ایف آئی اے میں قواعد و ضوابط کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے سیاسی اور ن لیگ کے ورکروں کو بھرتی کیا تھا۔ شہباز شریف اور نواز شریف پر لاہور سے رائے ونڈ روڈ کی تعمیر کے ٹھیکے دینے پر قواعد کی خلاف ورزی کا الزام ہے ۔ چوہدری شجاعت حسین‘ چوہدری پرویز الٰہی پر اربوں روپے کی کرپشن کا الزام ہے جس کی انکوائری مکمل کرکے رپورت چیئرمین کو بھیجوا دی گئی ہے۔ نیب حکام نے عاصمہ ارباب جہانگیر ان کے خاوند ارباب جہانگیر ‘ امیر حیدر ہوتی ‘ اسلم رئیسانی وغیرہ کے خلاف بھی انکوائریاں مکمل کرلی ہیں