مردان(نیوزڈیسک) مردان میں نادرا آفس کی سکیورٹی پر تعینات گارڈ نے اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے درجنوں شہریوں کو موت کے گھاٹ جانے سے بچا لیا۔ اس طرح وہ اعتزاز حسن شہید کے بعد قوم کیلئے اپنی جان کا نذرانہ دینے والا قابل فخر سپوت بن گیا۔ذرائع کے مطابق دوسہری چوک میں نادرا آفس کے اندر اور باہر شناختی کارڈ بنوانے والوں کا رش لگا تھا۔ شہریوں کی بڑی تعداد اپنی باری کے انتظار میں لائن میں لگی تھی اس دوران موٹر سائیکل سوار خود کش حملہ آور نے آفس کے اندر جانے کی کوشش کی جسے گارڈ پرویز نے انتہائی بہادری سے دروازے پر ہی روک لیا جس کے بعد حملہ آور نے اس کو کہا کہ ہٹ جاو میرے پاس بم ہے اگر تم نہ ہٹے تو میں خود کو دھماکے سے اڑا لوں گا اس پر پرویز نے کہا کہ مجھے اپنی جان کی پروا نہیں میں تمہیں کسی صورت اندر نہیں جانے دوں گا یہ کہہ کر اس نے خودکش حملہ آور کو دبوچ لیا اس پر حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا ۔ وہاں موجود شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر پرویز بہادری کا مظاہرہ نہ کرتا تو کہیں زیادہ تباہی ہوتی اگر حملہ آور اندر گھس جاتا تو اموات کئی گنا بڑھ سکتی تھیں