پشاور(نیوزڈیسک) شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال پشاور کاافتتاح آج ہوگا، ہسپتال میں کینسر کے ابتدائی مراحل کے مریضوں کا علاج کیا جائیگا، شوکت خانم میموریل ہسپتال پشاور کا افتتاح کینسر کے مریض بچے کے ہاتھوں سے کرایا جائیگا،پشاور کے شوکت خانم میموریل ہسپتال کا سنگ بنیاد بھی ایک کینسر کے مریض بچے محمد سلیمان کے ہاتھوں رکھوایا گیا تھا۔افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ہونگے ۔جبکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک،گورنر خیبر پختونخوا مہتاب احمد خان اور سابق وزیر اعلیٰ امیر حیدر ہوتی بھی تقریب میں شرکت کریں گے،شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال پشاورکی آٹھ منزلہ عمارت پراب تک تین ارب بیس کروڑ سے زائد خرچ ہو چکے ہیں،انتظامیہ کے مطابق ہسپتال کی مکمل تعمیر تین مرحلوں میںمکمل ہوگی،دوسرے اور تیسرے مرحلے کی تعمیر کیلئے مزید چار ارب روپے درکارہونگے،شوکت خانم ہسپتال پشاور کے بیسمنٹ میں دفاترتعمیر کئے گئے ہیں جبکہ مشینوں کو پہلی اور دوسری منزل پر نصب کیا گیا ہے،ہسپتال میں 600گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش موجود ہے،پشاور کے ہسپتال میں کینسر کے ابتدائی مراحل کے مریضوں کا علاج کیا جائیگاجبکہ ریڈی ایشن اور سرجری کیلئے مریضوں کو لاہور کے ہسپتال بھیجا جائیگا ۔