نواب شاہ(نیوزڈیسک) ایم کیو ایم کے سینئیر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے پیپلز پارٹی کی آدھی کابینہ دبئی بھاگ چکی ہے اور ذرا سی تیز ہوا چلی تو سندھ کی پوری کابینہ دبئی میں مقیم ہوگی۔نوابشاہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ نواب شاہ میں حلقہ بندیوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنا بھی دھاندلی ہے لیکن اس دھاندلی کے باوجود ایم کیو ایم بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی اور سندھ کی تاریخ میں پہلی بار ہماری جماعت کے چیئرمین اور وائس چیئرمین بڑی تعداد میں سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور حکومت سندھ نے حلقہ بندیوں میں بددیانتی کرکے نواب شاہ کے عوام کو وڈیروں کا غلام بنانے کی سازش کی ہے جو ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور سندھ کی مظلوم عوام کی آواز بن کر تحریک کا آغاز کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سندھ میں مردم شماری ہوجائے تو دعوے سے کہہ سکتا ہوں کہ سندھ میں 2018 میں ایم کیوایم کا نمائندہ وزیراعلیٰ ہوگا۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی آدھی کابینہ دبئی بھاگ چکی ہے اور ذرا سی تیز ہوا چلی تو سندھ کی تمام کابینہ دبئی میں مقیم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنے ووٹ کے ذریعے رواں سال کا حساب برابر کردیں اور 2016 میں نئے سفر کا آغا زکیا جائے، مجھے امید ہے کہ آئندہ سال سیاسی، سماجی اور معاشی آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بہت پہلے کہہ دیا تھا کہ کراچی آپریشن کے باعث متحدہ قومی موومنٹ کی قوت میں بے پناہ اضافہ ہوگا، ہم نے بیک فٹ پر رہتے ہوئے کرکٹ کھیلی اب فرنٹ پر کھیلنے کا وقت ہے، بہت کٹھن وقت دیکھنے کے بعد اب ہمارے اچھے دن آگئے ہیں۔ ایم کیوایم رہنما نے کہا کہ کراچی کے میئر کو مکمل اختیار دلائیں گے اور اگربات چیت سے مسئلہ حل نہ ہوا تو عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔